پرنس رحیم الحسینی کو نیا آغا خان مقرر کر دیا گیا

لزبن۔پرنس رحیم الحسینی کو نیا آغا خان مقرر کر دیا گیا ہے، جو دنیا بھر میں لاکھوں شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے روحانی پیشوا ہوں گے۔ وہ یہ عہدہ اپنے والد، پرنس کریم آغا خان، سے سنبھالیں گے، جوگزشتہ روز 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے مطابق، پرنس کریم کے وصیت نامے کے کھلنے کے بعد یہ تقرری عمل میں آئی۔پرنس رحیم الحسینی آغا خان پنجم اسماعیلی مسلمانوں کے 50ویں موروثی امام ہوں گے۔اسماعیلی شیعہ مسلمانوں کا ایک فرقہ ہیں جو کئی اماموں کا احترام کرتے ہیں، جن میں امام اسماعیل بھی شامل ہیں، جن کا انتقال 765 عیسوی میں ہوا تھا۔

دنیا بھر میں اسماعیلیوں کی آبادی تقریباً 1.5 کروڑ ہے، جن میں سے 5 لاکھ پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔ بھارت، افغانستان اور افریقہ کے کچھ حصوں میں بھی ان کی بڑی تعداد موجود ہے۔

پرنس کریم آغا خان نے 1957 میں اپنے دادا کی وفات کے بعد 20 سال کی عمر میں اسماعیلی مسلمانوں کے امام کا عہدہ سنبھالا تھا۔ان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں خاندان کے افراد کے درمیان ہوا، جو اسماعیلی امامت کا مرکز ہے۔ امامت کے مطابق، ان کی تدفین “آنے والے دنوں” میں وہیں کی جائے گی۔

آغا خان کی قیادت میں، انہوں نے ایک فلاحی ادارہ قائم کیا جو ترقی پذیر ممالک میں سینکڑوں اسپتالوں، تعلیمی اور ثقافتی منصوبوں کو چلاتا ہے۔وہ اپنی بے پناہ دولت کے لیے بھی مشہور تھے۔ فوربس میگزین نے 2008 میں ان کی دولت کا تخمینہ 1 ارب ڈالر (801 ملین پاؤنڈ) لگایا تھا۔ ان کے کاروبار میں ہوٹل، ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیاں، اور گھوڑوں کی افزائش کے منصوبے شامل تھے۔وہ برطانیہ، فرانس، اور آئرلینڈ میں ایک نمایاں گھوڑوں کے مالک اور افزائش کنندہ تھے، اور انہوں نے شیرگڑھ جیسے مشہور اور قیمتی گھوڑے کی افزائش کی تھی۔

نئے آغا خان، پرنس رحیم، اپنے مرحوم والد اور برطانوی نژاد پرنسس سلیمہ کے سب سے بڑے بیٹے ہیں، جنہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام سارہ کروکر پول سے تبدیل کیا تھا۔امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے والے اور سوئٹزرلینڈ میں مقیم پرنس رحیم اپنے والد کے قائم کردہ فلاحی نیٹ ورک سے گہرے طور پر وابستہ ہیں۔

آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کی ویب سائٹ کے مطابق، پرنس رحیم اس کے کئی بورڈز پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور فی الحال اس کے ماحولیاتی اور موسمیاتی کمیٹی کے سربراہ ہیں۔ویب سائٹ کے مطابق، “پرنس رحیم خاص طور پر ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کی کوششوں میں دلچسپی رکھتے ہیں،” اور وہ “انتہائی غربت میں زندگی گزارنے والے افراد کی ضروریات کو پورا کرنے کے کاموں میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔پرنس رحیم کے دو بیٹے ہیں، جو ان کی سابقہ امریکی ماڈل کندرا اسپیرز سے شادی کے نتیجے میں ہیں۔