لاہور۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام اور مہنگائی میں کمی قومی ترقی کے حوصلہ افزا اشارے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے اراکین نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ملکی اقتصادی صورتحال، پنجاب میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور عوامی بہبود کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب نیت نیک ہو تو اللہ تعالیٰ کی مدد بھی شاملِ حال ہوتی ہے۔ عوام کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اور اس کا اجر اللہ ہی عطا کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی بحالی اور مہنگائی میں نمایاں کمی عوام کے لیے امید افزا اشارے ہیں۔ اسٹاک ایکسچینج، جو 30 ہزار کی سطح پر تھی، اب 1 لاکھ 20 ہزار پوائنٹس کی حد کو چھو رہی ہے، جو اقتصادی ترقی کے تسلسل کی دلیل ہے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف شب و روز محنت کر رہے ہیں، اور ملکی اداروں اور نظام کی بہتری کے لیے ٹھوس پیش رفت جاری ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کا زوال پذیر سفر رک چکا ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور عوامی خدمت کے جذبے نے نہ صرف پنجاب کے عوام کا دل جیتا بلکہ پارٹی کی ساکھ کو بھی مزید مضبوط کیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اراکین نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، صفائی مہم “ستھرا پنجاب”، کسان کارڈ، اسکالرشپ پروگرام، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، “دھی رانی” پروگرام، دیہی و بنیادی صحت مراکز کی اپ گریڈیشن جیسے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی کارکردگی بے مثال ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران پنجاب کے ہر شعبے اور ہر علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کی بدولت عوام میں نیا اعتماد پیدا ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت مسلم لیگ (ن) کی پہچان ہے اور یہی ہمارے لیے اصل امتحان ہے۔ قیادت کی رہنمائی اور پارٹی رہنماؤں کی تائید و حمایت ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔ پاکستان کی ترقی کا سفر مسلم لیگ (ن) کے بغیر ممکن نہیں۔
اجلاس میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمتِ عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔ پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور راشد نصراللہ بھی اجلاس میں شریک تھے۔