آرمی چیف اور مریم نواز کا ایس آئی ایف سی کے گرین کارپوریٹ انیشی ایٹو کا دورہ

لاہور۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی و صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام نے ایس آئی ایف سی کے ماحولیاتی کاروباری اقدام کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے تین ترقیاتی منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔

دورے کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ وفاقی و صوبائی وزراء اور زرعی شعبے کے ماہرین بھی شریک تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے “اسمارٹ زرعی فارم”، “گرین زرعی مراکز” اور “زرعی تحقیقاتی مرکز” کا افتتاح کیا۔

دورے کے دوران شرکاء کو جدید زرعی ٹیکنالوجی اور مشینری کی نمائش بھی دکھائی گئی، جس سے زرعی پیداوار میں بہتری لانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کسانوں کو مہنگی زرعی مشینری خریدنے کے بجائے کم قیمت پر کرائے پر حاصل کرنے کی سہولت دی جائے گی۔ جدید آبپاشی نظام کے فروغ کے لیے پنجاب بھر میں 25 “گرین زرعی مراکز” قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ سال کے آخر تک ملک بھر میں 250 مراکز مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

عام کسانوں کی تربیت کے لیے “اسمارٹ زرعی فارم” کا قیام، ملکی زراعت کے 95 فیصد حصے کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے زرعی شعبے کی بہتری کے لیے جی پی آئی کی کارکردگی پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا۔