امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان مدینہ کی اسلامی ریاست کے لفظ کا غلط استعمال کرنے کے بعد اب امر بالمعروف جیسی مقدس اصطلاح کا بھی مذاق اڑا رہے ہیں۔
اپر دیر اسپورٹس کمپلیکس میں جلسے سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم اپنی کارکردگی بتانے کے بجائے اداروں پر حملہ آور ہیں، الیکشن کمیشن اور میڈیا پر حملوں کی تاریخ میں کوئی ایسی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے وزیراعظم پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے، اب عمران خان وزیراعظم نہیں رہے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ 31مارچ تک شاید پی ٹی آئی کی حکومت نہیں ہو گی، چند دن بعد وزیراعظم عمران خان خود کہہ رہے ہوں گے کہ مجھے کس جرم میں نکالا گیا؟ عمران خان سوشل میڈیا کے پہلوان ہیں، پی ٹی آئی کی کرپشن، گالیوں اور غلاظت کو دفن کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ریکارڈ قرضہ ملک کے لیے تباہ کن ہے، پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی اور نالائقی سے ملک کی خودمختاری پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ قانون شکن وزیر اعظم عوام سے قانون پر عمل درآمد کی کیسے توقع رکھ سکتا ہے۔