اسلام آباد(نیوز رپورٹر)جنگ انتظامیہ نے راولپنڈی اسلام اباد یونین آف جرنلسٹس کے اعلی’ سطحی وفد کو ملازمین کی تنخواہوں کی 24 گھنٹے کے اندر ادائیگی اور حکومت کی طرف سے مقرر کردہ کم از کم اجرت یقینی بنانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔یونین کے وفد نے بقایا جات سمیت دیگر امور پربھی جنگ اخبار انتظامیہ سے مذاکرات کیے ۔آر آئی یو جے کے وفد کی قیادت صدر طارق علی ورک نے کی ۔ وفد میں سینیئر نائب صدر بشیر عثمانی سینیئر جوائنٹ سیکرٹری گلزار خان سینیئر ایگزیکٹو ممبر ان علی اختر غفران چشتی اور دیگر شامل تھے ۔وفد نے ڈیلی جنگ اینڈ پریس ورکز یونین سی بی اے کے صدر ناصر چشتی جنگ یونین کے لئیق شوکت دی نیوز ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری عقیل احمد خالد محمود اسلم بٹ اور دیگر عہدے داران سے بھی ملاقات کی .
بعد ازاں آر آئی یو جے وفد نے اسٹیشن منیجر منیر شاہ سے ملاقات کی۔آر ائی یو جے کے پرزور مطالبے پر جنگ سٹیشن مینیجر منیر شاہ نے یقین دلایا کہ آپ کا اہم مطالبہ پورا کیا جا رہا ہے اور ادارے میں کم از کم اجرت کے اصول کو لاگو کر دیا گیا ہے ۔نئی تنخواہ اسی اصول کے تحت دی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 24 گھنٹے میں ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی کر دی جائے گی تاکہ وہ عید کی خوشیاں منا سکیں۔ انہوں نے یونین عہدیداروں کو بتایا کہ جنگ اخبار کے روح رواں میر شکیل الرحمن کی جانب سے مستحق ملازمین کو راشن کی شکل میں گفٹ بھی پیش کئے گئے ہیں ، آر ائی یو جے کے صدر طارق علی ورک اور دیگر عہدے داروں نے اسٹیشن منیجر منیر شاہ کا شکریہ کیا اور یہ توقع ظاہر کی کہ ملازمین کے دیگر مسائل کا حل بھی باہمی بات چیت کے ذریعے نکالا جائے گا۔