پاکستان پیپلز پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا حلقہ پی ایس 61 کے دیہی علاقوں کا دورہ

حیدرآباد(نیوز رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج حلقہ پی ایس 61 حیدرآباد کے مختلف دیہی علاقوں کا دورہ کیا، اس اہم دورے کے دوران ان کے ہمراہ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن، راول شرجیل میمن، مقامی رہنما، پارٹی کارکنان اور دیگر معززین بھی موجود تھے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ نے سندھ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر کیے گئے گھروں کا معائنہ کیا، یہ گھر تحصیل حیدرآباد (دیہی) کے علاقوں آبرڑی، گاؤں ہارون شیخ، جھنڈو کھوسو اور ہمت آباد میں تعمیر کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گھروں کے مالکانہ حقوق کی اسناد خواتین میں تقسیم کیں، دورے کے دوران بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ نے مقامی لوگوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لی، عوام نے اپنے رہنماؤں کا پرتپاک استقبال کیا۔ جگہ جگہ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور فضا میں “جئے بھٹو” اور “وزیر اعظم بلاول” جیسے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے۔