مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالوں گا۔
نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم ق کے ایم این اے طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے فیصلے میں آزاد ہوں، ہر فرد کا اپنا فیصلہ ہے اور ہر شخص اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہے۔
مسلم لیگ ق کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ میں نے گزشتہ روز چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات میں گزارش کرتے ہوئے بتادیا تھا کہ میں وزیراعظم عمران خان کو تحریک عدم اعتماد سپورٹ نہیں کروں گا اور میں تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالوں گا۔
پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ سے متعلق طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ اور چوہدری شجاعت میں کوئی فرق نہیں، دونوں ایک ہیں، دونوں کا ایک ہی فیصلہ ہوگا، پرویز الہیٰ میرے محسن ہیں، ہر لحاظ سے میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔
معاملات کو بہتر کیا جاسکتا تھا، جس نہج پر معاملات کو لیجایا گیا اس پوزیشن پر لے کر نہیں جانا چاہیے تھا، معاملات کو بہتر کرنے میں وزیراعظم عمران خان نے بہت وقت ضائع کیا، میرا ضمیر اجازت نہیں دے رہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کروں۔