اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پلاسٹک آلودگی ماحولیاتی چیلنج ہے جو ہمارے ماحولیاتی نظام، معیشت اور آنے والی نسلوں کے لیے خطرہ ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 5 جون کو ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کرہء ارض کے تحفظ اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرنے کے لئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔اس سال ماحولیات کے عالمی دن کا تھیم ۔’’پلاسٹک کی آلودگی کا خاتمہ‘‘ ہے ، پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی سے نمٹنے کے لئے پر بروقت اور فوری عمل درآمد کی ضرور ت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پلاسٹک کی آلودگی ایک ماحولیاتی چیلنج ہے جو ہمارے ماحولیاتی نظام، ہماری معیشت اور آنے والی نسلوں کے لئے خطرہ ہے۔ یہ آلودگی نہ صرف دریاؤں اور سمندروں کو متاثر کرتی ہے بلکہ سمندری حیات کے لئے بھی مضر ہے۔ پوری دنیا میں پلاسٹک کا فضلہ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے اور پاکستان بھی اس آلودگی سے بری طرح متاثر ہے۔ پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی کے خلاف پوری دنیا کو جرات مندانہ مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ایسی پالیسیوں پر عمل درآمد کے لئےپرعزم ہے جو ماحول دوست متبادل ذرائع توانائی کو فروغ دیتی ہیں، اس کے ذمہ دارانہ استعمال کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور پلاسٹک کے استعمال پر سخت قوانین و ضوابط کا نافذ کرتی ہیں۔ تاہم، حقیقی تبدیلی انفرادی سطح پر شروع ہوتی ہے — ہمارے گھروں، ہمارے محلوں ، اور زندگی کے تمام شعبوں میں ہمارے انتخاب سے اس کا آغاز ہوتا ہے۔آئیے آج کے دن یہ عزم کریں کہ ہم آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لئے ماحول کو بہتر اور صاف بنانے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔