لاہور( سٹاف رپورٹر )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر بحرین کے بادشاہ، شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بحرین کی قیادت اور عوام کو عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپنی گفتگو کے دوران امت کی صفوں میں امن اور اتحاد کے لیے دعا کی اور غزہ کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران بحرین کے متوازن مؤقف اور جنوبی ایشیا میں تحمل، کشیدگی میں کمی اور امن کے مطالبے پر بحرین کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے اور گہرا کرنے کے بے پناہ امکانات ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جسے انھوں نے قبول کر لیا۔ شاہ حمد نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا انتہائی گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔