ترسیلات زر میں اضافہ حکومت پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر سمندر پار پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے۔شہباز شریف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مئی 2025 کے دوران ترسیلات زر میں اضافہ پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافہ حکومت پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر سمندر پار پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے۔بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق رواں مالی سال ترسیلات زر کی مد میں 34.9 ارب امریکی ڈالرز موصول ہوئے جو کہ پچھلے مالی سال کے مقابلے 28.8 فیصد زائد ہیں،مئی 2025 کے دوران ترسیلات زر میں 3.7 ارب امریکی ڈالرز موصول ہوئے جو گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں 13.7 فیصد زیادہ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ حکومت پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر سمندر پار پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے،حکومت کے معاشی اقدامات اور اگلے مالی سال کے لئے عوام دوست بجٹ ملک کے روشن مستقبل کی نوید ہیں۔وزیراعظم نے حکومتی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔