پاکستان کی معیشت کا استحکام ، ترقی کے سفر کا آغاز معاشی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے،محمد شہباز شریف

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کا استحکام اور ترقی کے سفر کا آغاز معاشی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے،پاکستان میں ورلڈ بینک کی جانب سے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کیلئے پاکستانی حکام کے ساتھ تعاون و محنت پر سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن کے کردار کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد کیا جائے گا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں عالمی بینک کے سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے الوداعی ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اورورلڈ بینک کے مابین شراکت داری کی مزید مضبوطی کیلئے آپ نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا جس پر آپ کے شکر گزار ہیں، 2022ء کے سیلاب کے دوران آپ نے متاثرہ پاکستانیوں کی مدد و بحالی کیلئے دن رات کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا استحکام اور ترقی کے سفر کا آغاز معاشی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ دنیا کے کسی بھی کونے میں اپنی خدمات سر انجام دیں، پاکستان اور اس کے عوام آپ کی پاکستان کیلئے خدمات کو ہمیشہ مثبت انداز سے یاد رکھیں گے۔

وزیر اعظم نے ناجی بن حسائن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور ان کی صحت و ترقی کی دعا کی۔ ناجی بن حسائن نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت میں انقلابی تبدیلی، استحکام اور ترقی کے سفر کی شروعات قابل تحسین ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معاشی ٹیم نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے بچا کر استحکام کے راستے پر گامزن کیا،

وزیر اعظم شہباز شریف خود ایک محنتی لیڈر ہیں جنہوں نے مشکلات کے باوجود پاکستان کی معیشت کو بچایا،پاکستان کی موجودہ معاشی ٹیم نے پاکستان کی معیشت کو کمال مہارت سے استحکام کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ ملاقات میں ورلڈ بینک کے پاکستان میں منیجر آپریشنز گیلئیس ڈراگیلس کے علاوہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔