اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیرِ اعظم کو ملک میں حالیہ بارشوں کی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نےچیئرمین این ڈی ایم اے کو ملک بھر میں بالخصوص بالائی علاقوں میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں رہنے اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ریسکیو اداروں،ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومتوں سے اس حوالے سے رابطہ مزید فعال کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے موبائل فون میسج کے ذریعے شہریوں کو موسمی صورتحال کی پیشگی اطلاع دینے کی بھی ہدایت کی۔