قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے یکجا ، پرعزم ہے، اس ناسور کو ہر صورت ، ہر شکل میں مکمل طور پر ختم کیا جائے گا،فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے یکجا اور پرعزم ہے، اس ناسور کو ہر صورت اور ہر شکل میں مکمل طور پر ختم کیا جائے گا،دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں، مددگاروں اور مجرموں کو بلا امتیاز اور ہر قیمت پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے کور ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا،جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دورے کے دوران فیلڈمارشل نے بنوں گیریژن میں حالیہ دہشت گرد حملے کے شہدا کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور سی ایم ایچ بنوں میں زیرِ علاج زخمی جوانوں کی عیادت بھی کی۔

فیلڈمارشل سیدعاصم منیرنے پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کے غیر متزلزل حوصلے اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا،جو بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو جرات و بہادری سے ناکام بنا رہے ہیں۔فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے یکجا اور پرعزم ہےاور اس ناسور کو ہر صورت اور ہر شکل میں مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔ریاست کے غیر متزلزل مؤقف کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں، مددگاروں اور مجرموں کو بلا امتیاز اور ہر قیمت پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں دہشت گردی کے اصل چہرے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔فیلڈمارشل سیدعاصم منیرنے قوم کو یقین دلایا کہ ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جائے گاجبکہ پاکستان کے داخلی استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔انہوں نے سول قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً خیبر پختونخوا پولیس کی ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے متعلقہ حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ان کوششوں کو اولین ترجیح دی جائے جبکہ پاک فوج ان اداروں کی استعداد بڑھانے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ کور ہیڈکوارٹر پہنچنے پر فیلڈمارشل سیدعاصم منیرکا کور کمانڈر پشاور نے استقبال کیا۔