شہباز شریف کا ترکیہ میں جنگل میں تباہ کن آگ کے پھیلنے پر عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی ، ہر طرح کے تعاون کی پیشکش

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صوبے ازمیر میں جنگل میں تباہ کن آگ کے پھیلنے پرترک عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی اور اظہار یکجہتی کیا ہے اور ہر طرح کے تعاون کی پیشکش کی ہے ۔منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ازمیر صوبے میں جنگل میں پھیلنے والی تباہ کن آگ سے بہت دکھ ہوا ہے۔

میں اس مشکل وقت میں اپنے پیارے بھائی صدر رجب طیب اردگاناور ترک عوام کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ جانی اور املاک کے کم سے کم نقصان کے ساتھ آگ پر تیزی سے قابو پالیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے بہادر اور جرات مند ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔