اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے شہر خانکندی میں 17ویں اقتصادی تعاون تنظیم( ای سی او) سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی ، جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے مابین تمام شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنی گزشتہ ملاقات کے دوران کئے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کے تناظر میں ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کی قیادت کو سراہا اور حالیہ بحران کے دوران ایران کے جنگ بندی کے فیصلے کو سراہا ، وزیراعظم نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کو دہراتے ہوئے خطے میں امن کے لئے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ،ملاقات کے دوران ایرانی صدرڈاکٹر مسعود پیزشکیان نے حالیہ بحران کے دوران عالمی فورمز سمیت ایران کے لئے پاکستان کی مضبوط سفارتی حمایت کو سراہا اور تنازعہ کو کم کرنے میں پاکستان کے اہم کردار پر اظہار تشکر کیا۔ وزیر اعظم نے ایرانی صدر کو ایرانی سپریم لیڈر کیلئے مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔