حالیہ بارشوں میں کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے ، ریسکیو اداروں اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت. شہباز شریف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ بارشوں میں کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے ، ریسکیو اداروں اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو صورتحال سے بروقت مطلع کیا جائے اور متعلقہ اداروں کے مابین روابط کو مضبوط بنایا جائے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دریائے سندھ اور دیگر دریاؤں سے ملحقہ علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم اے ، ریسکیو اداروں اور انتظامیہ کو فوری حفاظتی انتظامات و اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے این ڈی ایم اے کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز ) کے ساتھ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تعاون کو مزید مربوط بنانے اور صوبائی حکومتوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی روابط مضبوط بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)عوام کو آگاہ رکھنے کے لئے تمام دستیاب ذرائع سے حقیقی و تازہ صورتحال کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تربیلا ڈیم سپل وے آپریشن سے دریائے سندھ کے زیریں اضلاع میں طغیانی بڑھنے کا خدشہ ہے، تمام صوبوں کی انتظامیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر عوام کے لئے مؤثر آگاہی مہم جاری رکھیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر (این ای او سی )میڈیا کے ذریعے غیر محفوظ اور کم محفوظ علاقوں کی وضاحت کرے جہاں پر اونچے، درمیانے اور کم درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے تاکہ عوام کو بروقت انتباہ کیا جاسکے۔ وزیر اعظم نے صوبوں کی انتظامیہ کو کسی بھی صورتحال سے قبل از وقت نمٹنے کے لئے اپنی تیاری مکمل رکھنے اور این ڈی ایم اے کو اس امر کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔