شہدائے کشمیر کے موقع پر اُن 22 عظیم کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت ، 13 جولائی 1931 کو سرینگر جیل کے باہر ظلم و جبر کے خلاف اور حقِ آزادی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، آصف زرداری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اُن 22 عظیم کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے 13 جولائی 1931 کو سرینگر جیل کے باہر ظلم و جبر کے خلاف اور حقِ آزادی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،آج کشمیری عوام جس عظیم جدوجہد کو آگے بڑھا رہے ہیں وہ انہی 22 شہداء کی قربانیوں کا تسلسل ہے ، ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرمملکت آصف علی زرداری نے 13 جولائی کو یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہا کہ اُن کی جاں نثاری نے کشمیری قوم کے دلوں میں آزادی کی جو شمع جلائی، وہ آج بھی روشن ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی بہادری، عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، جو دہائیوں سے بھارتی تسلط کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں اور اپنی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک عسکری قید خانہ بنا دیا گیا ہے جہاں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، سیاسی قید، آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں اور مسلمانوں کی شناخت مٹانے کی منظم سازشیں جاری ہیں۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ آج ہم ان شہداء اور دیگر تمام کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ، صدر مملکت نے کہا کہ میں عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک کہ انہیں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔