پاکستانی سکیورٹی اداروں کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ان کی حکومت گرانے میں امریکی سازش کے الزام کے ثبوت نہیں ملے۔
پاکستان سکیورٹی ایجنسیوں کی اس حوالے سے کی جانے والی تفتیش کے معاملات سے آگاہ ایک عہدیدار نے نام نہ بتانےکی شرط پر برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ملکی سکیورٹی ایجنسیوں کو وزیراعظم کےالزام کی تصدیق کے قابل اعتماد شواہد نہیں ملے ہیں۔
پاکستانی عہدیدار کے مطابق سکیورٹی ایجنسیاں وزیراعظم عمران خان کے بیان کردہ نتیجے پر نہیں پہنچیں۔
خیال رہےکہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ ان کی حکومت ختم کرانے میں امریکا کا ہاتھ ہے اور اس حوالے سے وہ اور ڈپٹی اسپیکر دعویٰ کرچکے ہیں کہ قومی سلامتی کمیٹی کے علاوہ آرمی چیف اور انٹیلی جنس چیف حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کی تصدیق کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے خط لہرایا تھا اور کہا تھاکہ ملک میں باہر سے پیسے کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی، میرے پاس خط ہے اور وہ ثبوت ہے۔
قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر نے مبینہ سازش کو جواز بنا کر حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد مستردکردی تھی جس کے بعد سپریم کورٹ نے معاملے پر ازخود نوٹس لیا تھا اور اس پر عدالت میں سماعت جاری ہے۔
دوسری جانب امریکا کی جانب سے پاکستان میں حکومت الٹنےکی سازش میں ملوث ہونےکے الزام کی تردید کی جاچکی ہے۔