اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشانِ حیدر) کو 77 ویں برسی پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 77 برس قبل آج ہی کے دن کشمیر کی پہلی جنگ میں کیپٹن محمد سرور شہید نے مادرِ وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم کو کیپٹن محمد سرور شہید کی جرات، استقامت اور عظیم قربانی پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا محفوظ پاکستان ہمارے ہیروز کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم کیپٹن محمد سرور شہید کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتی ہے، انہوں نے اپنی جان دے کر قومی دفاع کا ناقابلِ فراموش باب رقم کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ملکی دفاع اور قومی استحکام کی بنیاد ہیں اور قوم کیپٹن محمد سرور شہید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی.