اسلام آ باد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ڈیجیٹل ادائیگیوں اور رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے،ڈیجیٹائزیشن ٹرانسفارمیشن پلان پر موثر اور جامع عمل درآمد کے لیے صوبائی حکومتوں سے بامعنی مشاورت کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت کیش لیس و ڈیجیٹل اکانومی کے حوالے سے اقدامات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا پیرکو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز ، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے چیف کمشنر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔
وزیراعظم نے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی ڈیجیٹائزیشن سے شفافیت کے فروغ میں مدد ملے گی ،وفاقی حکومت کی ڈیجیٹائزیشن ٹرانسفاریشن پلان کی بنیادی اساس عوام کو بغیر اضافی اخراجات کے سہولت بہم پہنچانا ہے ، حکومت پالیسی اقدامات سے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی حکومت ڈیجیٹائزیشن ٹرانسفارمیشن پلان پر موثر اور جامع عمل درآمد کے لیے صوبائی حکومتوں سے بامعنی مشاورت کرے ،معیشت کی ڈیجیٹائزیشن اور کیش لیس اکانومی کے حوالے سے تمام صوبائی حکومتیں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی حکومتیں وفاقی حکومت سے بھرپور تعاون کریں انہوں نے صوبائی حکومت اور صوبائی اداروں کے تعاون سےوفاقی حکومت کے ڈیجیٹائزیشن ٹرانسفارمیشن پلان کو مزید مستعد بنانے کی ہدایت کی تاکہ اہداف مقررہ وقت میں حاصل کیے جا سکیں ۔وزیراعظم نے تمام سٹیک ہولڈرز سے بامعنی مشاورت کو اس پلان کا مستقل حصہ بنانے کی بھی ہدایت کی ۔
اجلاس میں معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ نیشنل ڈیجیٹل کمیشن اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے اور اس حوالے سے ضروری رولز بنائے جا چکے ہیں ،پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے چیئرپرسن اور ممبران کی تعیناتی کا عمل آخری مراحل میں ہے اور مرچنٹ آن بورڈنگ فریم ورک کا اجراء 25 جولائی، 2025 کو کر دیا گیا ہے.