حکومت مخالفت اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جمعے کو یومِ تحفظِ آئین منانے کا اعلان کردیا۔
مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی توقیر نہیں رہتی تو پاکستان کے وجود پر سوالیہ نشان ہوگا ، ہمارے اداروں کی ذمے داری ہے کہ وہ آئین کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ حکومت کے غیر آئینی اقدامات سے منصفانہ انتخابات کی کوئی توقع نہیں کی جاسکتی ، عمران خان کس طرح وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھ کر کام کررہا ہے ؟ عمران خان کیسے بیوروکریٹ کو بلا کر ہدایات دے رہا ہے؟
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایک ڈکٹیٹر آئین کو اس طرح بے رحمی سے پامال نہیں کرتا،جس طرح آمریت کی کوکھ سے جنم لینے والے عمران خان نے حالیہ اقدامات کے ذریعے ملک میں آئین بحران پیدا کر دیا ہے۔
ایک ڈکٹیٹر آئین کو اس طریقے سے پامال نہیں کرتا جس طرح آمریت کی کوکھ سے جنم لینے والے عمران خان نے آئینی بحران پیدا کیا ہے ۔ عوام کو آئین کے تحفظ کے لئے میدان میں نکلنا ہوگا ۔پوری قوم آنے والے جمعہ کو پورے ملک میں یوم تحفظ آئین پاکستان کے طور پر منائے۔ pic.twitter.com/Is4VkKvsV2
— Maulana Fazl-ur-Rehman (@MoulanaOfficial) April 6, 2022
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا جو درست اقدام ہے، ترجیحی بنیادوں پر ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دیا جائے اور اراکین اسمبلی کو ووٹ کے استعمال کا حق دیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ پوری قوم آنے والے جمعہ کو پورے ملک میں یوم تحفظ آئین پاکستان کے طور پر منائے۔