اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں طوفانی بارشوں سے دریاؤں میں طغیانی آئی ہے، سوات، صوابی، مانسہرہ، شانگلہ میں بھی بے پناہ نقصانات ہوئے، خیبرپختونخوا میں سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ قدرتی آفت میں 700 سے زیادہ اموات ہوئیں، صرف خیبرپختونخوا میں 400 سے زائد اموات ہوئیں، 2022 کے سیلاب میں معاشی نقصان بہت ہوا، 100 اموات ہوئیں، 2022 کے سیلاب میں صوبہ سندھ بہت متاثر ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بارشوں سے متاثرہ علاقے بونیر کا دورہ کیا، جہاں بے پناہ نقصان ہوا، آفت کی اس گھڑی میں وفاق نے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا، وفاقی وزراء نے امدادی کاموں میں بھرپور حصہ لیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان بھجوایا، افواج پاکستان امدادی کاموں میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں، پاک آرمی نے شدید متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر لوگوں کو باہر نکالا، فیلڈ مارشل آرمی کی جانب سے ریسکیو آپریشن کو خود مانیٹر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن اور ری ہیبلی ٹیشن کا کام جاری ہے، جب تک بحالی کا کام مکمل نہیں ہو جاتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ غیرقانونی تعمیرات کی روک تھام سے متعلق بہت جلد اہم اجلاس طلب کروں گا، چین اور پاکستان کی دوستی مزید مضبوط ہو رہی ہے، جلد چین جا رہا ہوں، سی پیک ٹو کا جلد آغاز ہوگا۔