وزیر اعظم شہباز شریف سے غذر میں گلوف کی پیشگی اطلاع دے کر سینکڑوں جانیں بچانے والے تین چرواہوں کی ملاقات، بہادری اور فرض شناسی کی ستائش

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے علاقہ غذر میں گلوف کی پیشگی اطلاع دے کر سینکڑوں جانیں بچانے والے گلگت بلتستان کے تین چرواہوں سے وزیر اعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کرکے ان کی جرات و بہادری اور فرض شناسی پر انہیں شاباش دی اور انہیں گلگت بلتستان کا ہیرو قرار دیا۔ پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے وصیت خان، انصار اور محمد خان سے ملاقات کی اور ان سے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ وزیر اعظم نے بروقت اطلاع دے کر گائوں کے 300 شہریوں کی جانیں بچانے پر ان کو شاباش دی اور کہا کہ وہ قوم کے ہیرو ہیں اور انہوں نے قومی خدمت سر انجام دی ہے۔

وزیر اعظم نے وصیت خان، انصار اور محمد خان کو حکومت پاکستان کی جانب سے25، 25 لاکھ روپے کے انعامی چیکس بھی دیئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے اس بروقت اقدام کی بدولت مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کو ان پر فخر ہے، پیشگی اطلاع کی بدولت علاقہ کو بروقت خالی کروا کر سینکڑوں انسانوں کی جانیں بچائی گئیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی خدمت کا یہ اقدام ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزرات موسمیاتی تبدیلی گلگت بلتستان میں پیشگی اطلاعات کے نظام پر تیزی سے کام کر رہی ہے، مستقبل کے لئےایسا مربوط نظام تشکیل دیا جا رہا ہے جس سے بروقت اطلاع کی بدولت کسی بھی ہنگامی صورتحال یا سانحے سے بچا جا سکے گا۔ وصیت خان، انصار اور محمد خان نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ا نہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے وہ انسانی جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے جس پر وہ اللہ کے شکر گزار ہیں۔ ملاقات میں وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے.