کسٹم نظام فیس لیس اور شفاف بنانے کیلئے اقدامات تیز کئے جائیں: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسٹم نظام فیس لیس اور شفاف بنانے کے لئے اقدامات تیز کئے جائیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کسٹم کے جانچ پڑتال اور تخمینہ کے نظام کی شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے ہدایت دی کہ کسٹم کے نظام کو فیس لیس (Faceless) بنا کر کاروباری حضرات کیلئے سہولت فراہم کی جائے اور ملکی ریونیو میں اضافہ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جانچ پڑتال اور تخمینہ کے عمل میں درکار وقت کو کم سے کم کیا جائے اور انتظامی کارروائیوں میں موثر اصلاحات متعارف کرائی جائیں۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کسٹم اصلاحات کے موثر نفاذ کیلئے باہمی ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں، جبکہ کسٹم تخمینے پر نظر ثانی اپیلوں کا اختیار غیر جانبدار افسران کے سپرد کیا جائے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی اور تجارتی اصلاحات کے ذریعے کاروبار اور سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کسٹم نظام میں شفافیت اس کا لازمی جزو ہے، پورٹس پر بڑھتی ہوئی کارگو کی بروقت ترسیل کیلئے منظم منصوبہ بندی کی جائے تاکہ سامان جلد از جلد اپنی منزل تک پہنچے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی رسک مینجمنٹ سسٹم جلد فعال ہو جائے گا اور کسٹم سکینرز کے ذریعے جانچ پڑتال میں AI کے استعمال سے کسٹم کلیئرنس کے عمل میں وقت کی کمی واقع ہو رہی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ حکومت کی سمگلنگ کے خلاف موثر اقدامات کے نتیجے میں غیر قانونی اشیاء کی ترسیل میں کمی اور قانونی کسٹم کلیئرنس میں اضافہ ہوا ہے۔