اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو سرمایہ کار وں اور سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ملک بنانے کے لئے پر عزم ہیں، پاکستان اور جاپان کے مابین ماضی میں صنعت و تجارت کے شعبے میں بھرپور تعاون رہا ہے ،پاکستان جاپان کے ساتھ سفارتی اور معاشی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کوجاپان کے بین الاقوامی تعاون بنک کے شعبہ مائننگ اور میٹل فنانس کے ڈائریکٹر جنرل تارو کاٹو سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ سفارتی اور معاشی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور جاپان کے مابین ماضی میں صنعت و تجارت کے شعبے میں بھرپور تعاون رہا ہے۔ دونوں ممالک معاشی تعاون کی تجدید نو کے لیے پرعزم ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان جاپانی سرمایہ کاروں اور بنکوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان زراعت، آئی ٹی ،ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں جاپانی ٹیکنالوجی کی جدت اور پیشہ ورانہ مہارت سے خاطر خواہ استفادہ کر سکتا ہے، پاکستان میں بڑے معاشی اور ترقیاتی منصوبوں میں عالمی مالیاتی ادارے اور بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کار اپنی بھرپور دلچسپی کا اظہار اور تعاون فراہم کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سستی لیبر مارکیٹ بین الاقومی سرمایہ کار کو مسابقتی ماحول فراہم کرتی ہے،پاکستان کو سرمایہ کار اور سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ملک بنانے کے لئے پر عزم ہیں ۔ جاپان کے بین الاقوامی تعاون بنک کے شعبہ مائننگ اور میٹل فائنانس کے ڈائریکٹر جنرل تارو کاٹو نے پاکستان میں مہمان نوازی پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اورجاپان کے سرمایہ کاروں اور بنکوں کی پاکستان میں معاشی پراجیکٹ میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔