لاہور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے احکامات پر موسمیاتی تبدیلی اور مون سون کے اثرات سے بروقت نمٹنے کے لیے موثر پالیسی تیار کی جائے گی ،ہنگامی صورتحال سے نکلتے ہی وزیر اعظم نے اعلی سطحی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس پالیسی کا ورکنگ پیپر تمام صوبائی حکومتوں سے شیئر کیا جائے گا تاکہ اس کی بنیاد پر ایک مشترکہ لائحہ عمل بنایا جا سکے۔ ہنگامی صورتحال سے نکلتے ہی وزیر اعظم نے ایک اعلی سطحی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہےجس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کو بھی اس اجلاس میں مدعو کیاجائےگا۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آبی ذخائر کی تعمیر اور پانی کے بہتر انتظام کیلئے حکمت عملی بنائی جا رہی ہے، آبی ذخائر مشاورت اور تمام صوبوں کی مکمل ہم آہنگی سے بنائے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے،
اس کی موثر تیاری سے ہی قدرتی آفات کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور وفاق کو مل کر موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے لوگوں کو بچانا ہے،یہ ایک قومی مسئلہ ہے جس پر سب کو مل کر کام کرنا ہے۔