وزیراعظم عمران خان کو سیاسی کمیٹی نے وفاق، پنجاب اور کے پی سے مستعفی ہونے کی تجویز دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور تمام اضلاع میں جلسے کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ جلسوں میں عوام کو حکومت کے خلاف سازش سے متعلق اعتماد میں لیا جائےگا۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ اجلاس میں مراسلے میں مبینہ سازش کوپبلک کرنے یا نہ کرنے سے متعلق تجاویزلی گئیں، ارکان نے مراسلےکی سیکریسی اور عدالتی حکم کی روشنی میں تجاویز دیں جب کہ وزیراعظم نےکہا کہ اپوزیشن کی بیرونی سازش کا آلہ کار بننے کو بے نقاب کرچکے ہیں۔
ذرائع کےمطابق سیاسی کمیٹی نےکہا کہ عوام کا دباؤ ہے لہٰذا خط کو پبلک کیا جائے اور ہمیں اس سلسلے میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کو گرانے کے لیے بیرونی سازش کی گئی، اپوزیشن عوام میں جانے سے گبھرا گئی۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ اجلاس میں اجتماعی استعفوں پر بھی مشاورت کی گئی اور سیاسی کمیٹی نے وفاق، پنجاب اور کے پی سے مستعفی ہونے کی بھی تجویز دی۔