پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی ریسکیو و ریلیف کارروائیاں جاری

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی ریسکیو اور ریلیف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ سیالکوٹ، نارووال، ظفروال اور وزیرآباد سمیت مختلف اضلاع میں پاک فوج نے متاثرین کے لئے فوری امدادی آپریشن شروع کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں متاثرہ عوام کے لئے راشن کی تقسیم اور فری میڈیکل کیمپس لگائے گئے جہاں 108 مرد، 126 خواتین اور 98 بچوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ نارووال اور ظفروال میں بھی پاک فوج کے میڈیکل کیمپس میں 270 مریضوں کا معائنہ کرکے ادویات دی گئیں۔ وزیرآباد میں بچوں اور خواتین سمیت مزید 270 مریضوں کا علاج کیا گیا۔

اسی طرح پتوکی، بہرام، تاہلی والا اور رام گڑھ میں بھی امدادی کیمپ قائم کئے گئے۔مانگا منڈی کے قریب سیلابی پانی میں لاپتہ 3 افراد کو پاک فوج نے بروقت ریسکیو آپریشن کے دوران بچا لیا۔ مظفرگڑھ اور دوآبہ میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی بھی مرتب کی گئی ہے۔

دوآبہ (دریائے چناب) بریچنگ سائٹ اور دیگر مقامات پر سیلاب سے بچاؤ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ سول انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ ریلیف ٹیموں کی عملی تربیت اور ہنگامی انخلاء کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا گیا۔پاک فوج اور سول انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ قدرتی آفات میں عوام کے تحفظ اور بروقت امداد کے لئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ مشکل کی ہر گھڑی میں پاک فوج اپنے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔