وزیراعظم شہباز شریف اور تاجک صدر امام علی رحمان کی ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری ، توانائی ، علاقائی سلامتی، ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیراعظم محمد شہباز شریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے تجارت، سرمایہ کاری ، توانائی ، علاقائی سلامتی، ثقافت ، رابطوں اور عوام کی سطح پر تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت اور سرمایہ کاری، رابطے، توانائی، علاقائی سلامتی، ثقافت اور عوام کی سطح پر تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ ثقافتی، تاریخی اور مذہبی رشتوں میں جڑےبرادر اسلامی ممالک پاکستان اورتاجکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ اہمیت کے علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا.