اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وزیر اعظم شہباز شریف نے چائنہ کے شہر بیجنگ میں روسی صدر سے ملاقات کی، اس موقع پر ولادیمیر پیوٹن نےانہیں ماسکو میں ہونے والے ایس سی او سمٹ میں شرکت کی دعوت دی ، بیجنگ میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ روس کےساتھ تعلقات کا فروغ چاہتےہیں انہوں نے کہا کہ روس سے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کےخواہش مند ہیں، روس کےساتھ دو طرفہ تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں، ہم اپنے تعلقات کو بلندیوں تک لے جانا چا ہتے ہیں۔
خیال رہے ملاقات میں میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے ، وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن اور خوشحالی کا فروغ چاہتا ہے،دورانِ گفتگو انہوں نے پیوٹن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں دوسری جانب صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر شدید افسوس ہوا ، روسی صدر نے دوران ملاقات شہباز شریف کو ماسکو میں ہونے والے ایس سی او سمٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی، جس پر وزیراعظم نے اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے روس کا دورہ کرکے بہت خوشی ہوگی۔
ولادیمیر پیوٹن کا اپنی گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ ہمیں مختلف شعبوں میں مل کر آگے بڑھنا ہے، امید ہے پاکستانی حکومت سیلابی صورتحال پر قابو پانےمیں کامیاب ہوجائے گی، دونوں ممالک مختلف امورپر یواین سمیت عالمی فورمز میں یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔