وزیراعظم سے چینی وزیر برائے صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ملاقات،دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چین کے وزیر صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی لی لیچینگ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے چین کے ساتھ صنعت، زراعت، تجارت، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، کان کنی اور معدنیات میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے وژن کا اعادہ کیا۔

انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کا مرکزی ستون قرار دیا اور اس کے فیز II میں اس کی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم کے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کو سراہتے ہوئے چین کے وزیر صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان کو ایک آہنی بھائی اور آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر سمجھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو تعاون اور اشتراک کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے چین کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔