اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) صدر آصف علی زرداری نے سندھ میں متوقع بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے،صدر مملکت نے کہا کہ صوبائی، ضلعی اور بلدیاتی ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاری رکھیں، بالخصوص نشیبی اور ساحلی علاقوں میں پیشگی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے حب ڈیم سمیت دیگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کی تاکید کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرے اور حکومتی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
صدر مملکت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کی محفوظ مقامات پر بروقت منتقلی کے لیے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں اور تحصیل و ضلعی سطح پر ریلیف مشینری اور عملہ ہمہ وقت مستعد و تیار ہو۔صدر نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا اور مقامی انتظامیہ ممکنہ خطرات کے بارے میں آگاہی مہم میں فعال کردار ادا کریں تاکہ عوام کو بروقت اور درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔