یوم بحریہ آج ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) یومِ بحریہ آج ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر قوم اپنی سمندری حدود کے محافظوں کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے 1965ء کی جنگ میں دشمن کو سمندر میں شکست سے دوچار کیا،یومِ بحریہ ہر سال 8 ستمبر کو آپریشن دوارکا کی یاد میں منایا جاتا ہے، جب پاک بحریہ نے بھارت کے ساحلی شہر دوارکا پر کامیاب حملہ کر کے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ اس جرات مندانہ کارروائی نے دشمن کے دلوں میں ایسا خوف بٹھایا جو آج تک یاد رکھا جاتا ہے۔

جنگِ ستمبر 1965ء کے دوران بری، بحری اور فضائی افواج نے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ دفاع وطن کا فریضہ انجام دیا، لیکن 8 ستمبر کا دن خاص طور پر پاک بحریہ کے نام رہا۔ اس روز پاکستان نیوی نے نہ صرف بھارتی بحری تنصیبات کو نشانہ بنایا بلکہ دشمن کی سمندری برتری کے خواب چکناچور کر دیے،آپریشن سومنات کے تحت پاک بحریہ کے جنگی جہازوں نے دشمن کے ساحلی علاقوں میں گھس کر بحری تنصیبات کو نقصان پہنچایا اور بھارت کو زبردست مالی و عسکری دھچکا دیا۔

اس جنگ میں پاکستانی آبدوز پی این ایس غازی نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ دشمن کے پانیوں میں خفیہ مشن انجام دینے والی اس آبدوز نے پاکستان کی بحری برتری کو دنیا پر واضح کیا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا،یومِ بحریہ منانے کا مقصد ان ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے جانوں کا نذرانہ دے کر مادرِ وطن کے دفاع کو یقینی بنایا۔