وزیر اعظم کا امیر قطر سے ٹیلیفونک رابطہ، دوحہ پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت،قطر سے مکمل اظہارِ یکجہتی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے ۔ وزیراعظم نے دوحہ پراسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی اور پاکستان کی جانب سے قطر سے مکمل یکجہتی کااظہارکیا۔

امیر قطر سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے دوحہ میں غیر قانونی اور وحشیانہ بمباری کی سخت الفاظ میں مذمت کی، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان اور شہری املاک کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے امیر قطر، قطری شاہی خاندان اور قطر کے عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے اسرائیل کے اس حملے کو بزدلانہ اور قطری خود مختاری و علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ علاقائی امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان قطر کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور اس مشکل وقت میں امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔

قطر کے امیر نے بھائی چارے اور اظہار یکجہتی پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ پاکستان اور قطر کے گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔