پاک افواج کی کارروائی، ضلع مستونگ میں بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد گروہ فتنہ الہندوستان کے 4 سرگرم دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )پاک افواج کی خفیہ اطلاع پر کڑی کارروائی میں بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد گروہ فتنہ الہندوستان کے 4 سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 12 ستمبر 2025ء کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جہاں بھارتی پراکسی گروہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارت کے سہولت یافتہ چار دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے ،کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا قلع قمع کیا جائے گا اور ملک دشمن عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔