راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 17 خوارج کو جہنم واصل کردیا۔ ہفتہ کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق 26/27 ستمبر کی رات کو سیکورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا،
آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کا مؤثر طریقے سے گھیرائو کیا جس کے نتیجے میں 17 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا، ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم رہے،علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے بھارتی حمایت یافتہ خارجی کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔