نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعظم کے چناؤ کے عمل کا بائیکاٹ کرنے کے بعد شہباز شریف واحد امیدوار ہیں۔
نئے قائد ایوان کے لیے شہباز شریف متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں جب کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شاہ محمود قریشی کو نامزد کیا تھا تاہم اب پی ٹی آئی نے وزیر اعظم کے انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نےکہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ صورتحال میں قائد ایوان کے انتخاب میں حصہ لینا ایک ناجائز حکومت کو قانونی حیثیت دینے کے مترادف ہے، اس لیے ہم اس گناہ میں شریک نہیں ہونا چاہتے، میں وزیراعظم کے انتخاب کے عمل کے بائیکاٹ کا اعلان کرتا ہوں، پارٹی کے فیصلے کے تحت ہم سب اسمبلی سے مستعفی ہونے کا بھی اعلان کررہے ہیں، اس موقع پر پی ٹی آئی ارکان نعرے لگاتے ہوئے ایوان سے باہر چلےگئے۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے بھی وزیراعظم کا انتخاب کرانے سے معذت کرلی، ان کا کہنا تھا کہ میرا ضمیر گوارا نہیں کرتا کہ میں اس کارروائی کا حصہ بنوں، قاسم سوری نے بھی ایوان کی کارروائی ایاز صادق کے حوالے کرتے ہوئے اسپیکر کی نشست چھوڑ دی۔