راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )سکیورٹی فورسز نے خضدار، بلوچستان میں بھارتی سرپرست دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا،آپریشن کے دوران فورسز نے خواتین کے روپ میں فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 4دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ گرفتار دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔
پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں اور قوم کے اس عزم کو دہراتی ہیں کہ دہشت گردی کے تمام ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔