اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن اور 7 خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو سراہتے ہوئے آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر سبطین حیدر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے شہید کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسر اور جوان دن رات ملک کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں ،مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی بہادر افواج کے افسران و جوانوں پر فخر ہے ۔وزیر اعظم نےدہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔