پاک افغان سرحد پر افغان طالبان اور بھارتی سرپرستی میں فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام، 200 سے زائد دہشتگرد ہلاک، 23 پاکستانی جوان شہید

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب افغان طالبان اور بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج (FAK) نے پاک افغان سرحد پر پاکستان کے خلاف ایک بزدلانہ اور بلااشتعال حملہ کیا۔ اس حملے کا مقصد سرحدی علاقوں کو عدم استحکام کا شکار بنانا اور دہشتگردی کو فروغ دینا تھا آئی ایس پی آر کے مطابق، پاک فوج نے دشمن کے اس حملے کو بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف دشمن کے حملے کو پسپا کیا بلکہ دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان بھی پہنچایا جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کے تربیتی کیمپس، ٹھکانے اور سپورٹ نیٹ ورکس کو افغان سرزمین پر نشانہ بنایا گیا۔ کارروائیاں انتہائی درستگی سے کی گئیں تاکہ عام شہریوں کو نقصان نہ پہنچے فوجی ذرائع کے مطابق، کارروائی کے دوران دشمن کے 200 سے زائد طالبان دہشتگرد اور ان سے منسلک عناصر مارے گئے، جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔ افغان حدود میں دشمن کے 21 ٹھکانوں پر عارضی قبضہ بھی کیا گیا اور کئی دہشتگرد کیمپ تباہ کر دیے گئے۔

دشمن کی اس بزدلانہ کارروائی میں پاکستان کے 23 بہادر جوان مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہو گئے، جب کہ 29 جوان زخمی ہوئے۔ پاکستانی فوج کی بروقت کارروائیوں سے افغان سرزمین پر قائم دہشتگرد نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچا، جو کہ افغان طالبان، فتنہ الخوارج (FAK)، فتنہ الہند (FAH) اور داعش (ISKP) سے منسلک تھے فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان امن، ترقی اور علاقائی استحکام کا خواہاں ہے، لیکن افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال کیے جانے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب طالبان کا وزیر خارجہ بھارت کے دورے پر تھا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ اگر افغان حکومت نے فتنہ الخوارج، فتنہ الہند اور داعش جیسے گروہوں کے خلاف سنجیدہ اور مؤثر کارروائیاں نہ کیں، تو پاکستان اپنی دفاعی کارروائیاں جاری رکھے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر لمحہ ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے تیار ہیں، اور قوم کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ یہ واقعہ پاکستان کے دیرینہ مؤقف کی تصدیق کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت دہشتگرد تنظیموں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔