مادرِ وطن کے دفاع میں جانیں نثار کرنے والے جوان پوری قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، راولپنڈی کے شہریوں کا افواجِ پاکستان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے شہریوں نے افواجِ پاکستان سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے افغان طالبان عسکریت پسندوں اور بھارتی سرپرست دہشت گردوں کی بلااشتعال فائرنگ کا جرات مندی سے مقابلہ کرتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔شہدا نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے بہادری، قربانی اور عزم و استقلال کی لازوال مثال قائم کی۔

پیر کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف شعبو ں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے حوصلے کو بلند رکھیں گی اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سمیت ملک بھر کے عوام شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نثار کرنے والے یہ جوان پوری قوم کے حقیقی ہیرو ہیں ، کاروباری شخصیت راجا بابر نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوت ہمیں یہ یاد دلاتے ہیں کہ اصل طاقت اپنی سرزمین کے دفاع میں بلا جھجک ڈٹ جانے میں ہے۔ماہرِ تعلیم امجد زیب نے کہا کہ ان ہیروز کی قربانیاں نوجوان نسل کو اتحاد، نظم و ضبط اور استقامت کا درس دیتی ہیں۔سماجی و سیاسی رہنما ملک ذوالفقار کے مطابق شہدا ہماری خودمختاری کے ستون ہیں، قوم ان پر فخر کرتی ہے۔سکول ٹیچر مصباح طاہر نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں اور خوارج گروہوں کے خلاف فیصلہ کن ردِعمل کے دوران پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد افغان طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کیا۔

عظمیٰ طاہر نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے نہ صرف فوری خطرے کو ختم کیا بلکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو بھی خاک میں ملا دیا۔عوام نے عزم ظاہر کیا کہ وہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔قوم نے شہدا کے اہلِ خانہ سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور وقار کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔