پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ زراعت و لائیو سٹاک کے شعبوں میں تعاون اور اعلیٰ معیار کے گوشت کی برآمد کیلئے مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے. وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ بالخصوص زراعت و لائیو سٹاک کے شعبوں میں تعاون اور اعلیٰ معیار کے گوشت کی برآمد کے لئے مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار آسٹریلیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر نیل ہاکنز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم سے الوداعی ملاقات کی۔وزیراعظم نے ہائی کمشنر کو پاکستان میں اپنی مدت ملازمت کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دی اور پاکستان آسٹریلیا تعلقات کی مضبوطی میں مثبت کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ خاص طور پر زراعت، لائیو سٹاک اور اعلیٰ معیار کے گوشت کی برآمد میں مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر سے پاکستان کو آسٹریلوی ماہرین کی خدمات کے حصول میں مدد کی درخواست کی۔ اقتصادی اصلاحات کے بارے میں وزیراعظم نے گزشتہ 18 ماہ کے دوران ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا جس میں متعدد اقتصادی اصلاحات کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحات آنے والے مہینوں میں بھی جاری رہیں گی تاکہ معاشی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے عالمی امن کی کوششوں بالخصوص مشرق وسطیٰ میں آسٹریلیا کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر نے پر تپاک استقبال کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور اپنے قیام کے دوران پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے ملنے والی گرمجوشی اور تعاون پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی پروفائل اور جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور دنیا بھر میں امن کے لیے کوششوں پر وزیراعظم کو مبارکباد دی ۔انہوں نے وزیراعظم کی ان کاوشوں کو بھی سراہا جن کے نتیجے میں پاکستان میں معاشی استحکام آیا۔