اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے صدر مملکت کو ملک کی مجموعی اندرونی اور بیرونی سلامتی کے ماحول پر بریفنگ دی۔ انہوں نے صدر مملکت کو افغان طالبان حکومت کی جارحانہ اور اشتعال انگیز کارروائیوں سے پیدا ہونے والی حالیہ سکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے فوری اور مناسب ردعمل سے بھی آگاہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی مسلح افواج کی طاقت، بہادری، صلاحیت اور تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملک کی سرحدوں کے دفاع اور افغان سرحد کے ساتھ سرحد پار حملوں کو تیزی سے پسپا کرنے میں ان کی چوکسی اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔