اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ امن معاہدے میں اہم کردار ادا کرنے اور مظلوم فلسطینیوں کی آواز بین الاقوامی سطح پر بھرپور طریقے سے اٹھانے پر تمام مسلمان ممالک اور بالخصوص سعودی عرب کے کردار کو سراہا ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل اور مسلم سکالرز آرگنائزیشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔وزیراعظم نے پاکستان آمد پر سیکرٹری جنرل کو خوش آمدید کہا اور ان کی مدبرانہ قیادت کی تعریف کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ عالمی سطح پر اسلام کے حقیقی تشخص کو فروغ دینے اور مسلم دنیا کے مشترکہ مقاصد کی وکالت کے حوالے سے انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے، مذاہب، عقائد اور تہذیبوں کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں بھی مسلم ورلڈ لیگ پیش پیش رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال مسلم ورلڈ لیگ کے تعاون سے مسلم دنیا کی خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم کے حوالےسے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد انتہائی خوش آئند تھا ،مستقبل میں اس طرح کی کانفرنسز کے انعقاد میں پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گا۔
وزیراعظم نے ملاقات میں پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے خادم الحرمین شریفین سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیر اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان السعود کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے غزہ امن معاہدے میں شاندار اور انتہائی اہم کردار ادا کرنے اور مظلوم فلسطینیوں کی آواز بین الاقوامی سطح پر بھرپور طریقے سے اٹھانے پر تمام مسلم ممالک خصوصاً سعودی عرب کی کردار کی تعریف کی۔
سیکرٹری جنرل ورلڈ مسلم لیگ نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ،وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔