سکیورٹی فورسز کی صوبہ خیبرپختونخوا میں خفیہ اطلاعات پر مبنی مختلف کارروائیاں ، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 34خوارج ہلاک

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)سکیورٹی فورسز نےصوبہ خیبرپختونخوا میں خفیہ اطلاعات پر مبنی مختلف کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 34خوارج ہلاک کردیئے۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق 13سے 15 اکتوبر کے دوران صوبہ خیبرپختونخوا میں متعدد کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 34خوارج مارے گئے۔

خوارج کی موجودگی کی اطلاع پرسکیورٹی فورسز نےضلع شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کامؤثر طریقے سے محاصرہ کیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 18خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جنوبی وزیرستان میں کیا گیا اور اس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں 8خوارج کوہلاک کر دیا گیا۔

ضلع بنوں میں تیسرے معرکے میں سکیورٹی فورسز نے 8مزید خوارج کو ہلاک کردیا۔علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے ہندوستانی سپانسر شدہ خارجی کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشنز کئے جا رہے ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والی اداروں کی جانب سے وفاقی اپیکس کمیٹی کی طرف سے منظور شدہ نیشنل ایکشن پلان اوروژن “عزم استحکام” کے تحت انسداد دہشت گردی مہم جاری ہےاورملکی اور غیر ملکی حمایت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری شدت سے جاری رہے گی۔