اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے پاک افغان سرحد کے ساتھ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع کے سرحدی علاقوں میں خارجی گل بہادر گروپ کے تصدیق شدہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائیوں میں 100 سے زائد خوارجی واصل جہنم کئے گئے۔
ہفتہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 48 گھنٹے طویل سیز فائر کے دوران افغانستان سے کام کرنے والے خارجیوں نے پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملے کرنے کی کوشش کی جس کا سیکورٹی فورسز نے موثر طریقے سے جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی موثر جوابی کارروائی کے دوران 100 سے زائد خارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ خارجی ایکس گل بہادر گروپ نے شمالی وزیرستان میں گاڑی پر بھی آئی ای ڈی حملہ کیا جس میں شہریوں اور ایک سپاہی نے شہادت کو گلے لگایا اور متعدد زخمی ہوئے۔
گل بہادر گروپ کے خارجیوں کے خلاف گزشتہ رات درست اور ہدفی کارروائی کی گئی۔ تصدیق شدہ انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر ان کارروائیوں میں کم از کم 60 سے 70 خارجیوں اور ان کی قیادت کو جہنم واصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے حوالے سے کی جانے والی تمام قیاس آرائیاں اور دعوے غلط ہیں اور ان کا مقصد افغانستان کے اندر سے کام کرنے والے دہشت گرد گروپوں کی حمایت پیدا کرنا ہے۔
پاکستان مخلصانہ طور پر اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں افغان سرزمین سے جنم لینے والی دہشت گردی کے اس پیچیدہ مسئلے کا حل بات چیت اور افغان حکام کی جانب سے غیر ریاستی عناصر پر موثر کنٹرول کے ذریعے ممکن ہے۔ تاہم پاکستان کو اپنی علاقائی سالمیت اور پاکستان کے عوام کی جانوں کے تحفظ کے تمام حقوق حاصل ہیں اور ہم افغانستان کی سرزمین سے سرگرم دہشت گردوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔