اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے تحت سپیشلائزڈ ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام اور پریکٹس آف سکلز، بین الاقوامی ڈیجیٹل ایجوکیشن پلیٹ فارم کا اجراء نیوٹیک ہیڈکوارٹرز میں پیر کو کیا گیا۔ یہ تقریب پاکستان میں ٹیکنیکل و ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹیوٹ) کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی جو وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے مطابق نوجوانوں اور ٹرینرز کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے ایک جامع حکمتِ عملی کی نمائندگی کرتی ہے۔
یہ پروگرام نیوٹیک، یو این آئی سروسز انٹرنیشنل اور آئی ٹی ایم سی چائنا کے باہمی اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جس میں ممتاز چینی ٹیکنیکل و ووکیشنل ادارے بھی شراکت دار ہیں۔ یہ صرف ایک تربیتی منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان کے انسانی وسائل میں ایک بڑی سرمایہ کاری ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس کرنا ہے تاکہ وہ عالمی مارکیٹ میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔اس پروگرام کے تحت تمام صوبوں اور خطوں سے منتخب 200 ٹرینرز کے پہلے بیچ کو تربیت دی جائے گی جنہیں مصنوعی ذہانت ، ای-کامرس اور کراس بارڈر ای-کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ڈیٹا ڈرِوَن بزنس اینالٹکس، شارٹ ویڈیو پروڈکشن اور آن لائن سٹور آپریشن جیسے جدید اور زیادہ طلب والے شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ تمام تربیت آن لائن دی جائے گی تاکہ شرکاء اپنے اپنے علاقوں سے بآسانی شرکت کر سکیں۔
اس طرح یہ منصوبہ رسائی، شمولیت اور جدت کے اصولوں پر مبنی ہے۔ کورس کے مواد اور ڈیجیٹل وسائل کا بندوبست آئی ٹی ایم سی چائنا اور معروف چینی اداروں کی جانب سے کیا گیا ہے تاکہ بین الاقوامی معیار کی تربیت یقینی بنائی جا سکے۔ تربیت مکمل کرنے والے شرکاء کو نیوٹیک، آئی ٹی ایم سی چائنا اور چینی اداروں کی جانب سے مشترکہ طور پر بین الاقوامی سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔اس منصوبے کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ نیوٹیک کا ٹریننگ آف ٹرینرز فریم ورک اب سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ نجی تربیتی اداروں تک بھی وسعت اختیار کر رہا ہے۔ یہ جامع حکمتِ عملی نجی شعبے کے تربیت کاروں کے کردار کو تسلیم کرتی ہے اور انہیں قومی سکلز ایجنڈے میں مساوی شمولیت اور معیار کے یکساں مواقع فراہم کرتی ہے۔
پریکٹس آف سکلز پلیٹ فارم پاکستانی نوجوانوں، ٹرینرز اور فری لانسرز کو مفت آن لائن لرننگ اکاؤنٹس فراہم کرے گا تاکہ ڈیجیٹل تعلیم سب کے لئے قابلِ رسائی ہو اور عمر بھر سیکھنے کے رجحان کو فروغ دیا جا سکے۔یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون کو مزید مضبوط کرتا ہے، جو سی پیک کے صنعتی، تکنیکی اور ڈیجیٹل ترقی کے اہداف سے مطابقت رکھتا ہے۔ یہ منصوبہ ٹیکنالوجی کے تبادلے، علم کے اشتراک اور جدت کی سمت ایک اہم قدم ہے۔اس کامیابی کا سہرا نیوٹک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد عامر جان اور ان کی ٹیم کے ویژن اور محنت کو جاتا ہے، جن کی قیادت میں یہ سنگِ میل حاصل ہوا۔
یو این آئی سروسز انٹرنیشنل، آئی ٹی ایم سی چائنا، اور چینی اداروں کی شراکت اس منصوبے کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا شکریہ بھی ادا کیا گیا، جو قومی سطح پر اسکلز ڈیولپمنٹ، جدت، اور نوجوانوں کے لیے عالمی روابط کے فروغ میں سرگرم ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے اس اشتراک کو ایک ایسے اقدام کے طور پر سراہا جو ڈیجیٹل طور پر ہنرمند ٹرینرز کی نئی نسل پیدا کرے گا جو بعد میں ہزاروں نوجوانوں کو تربیت فراہم کریں گے۔
انہوں نے حکومت کے اس عزم پر زور دیا کہ نیوٹیک کے ذریعے پبلک-پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مضبوط بنایا جائے گا اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جائے گا تاکہ پاکستان کا ٹیوٹ نظام مزید مؤثر، جامع اور عالمی معیار کا بن سکے۔یہ منصوبہ پاکستان کے اس پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اپنے ٹرینرز اور نوجوانوں کو جدید ترین ڈیجیٹل اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرے، تاکہ وہ عالمی ڈیجیٹل معیشت میں بھرپور حصہ لے سکیں۔