صدر آصف علی زرداری کی جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم سنائے تاکائچی کو مبارکباد

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے سنائے تاکائچی کو جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہونے پرمبارکباد دی ہے اور ان کی قیادت میں جاپان کی مزید ترقی و خوشحالی اور پاکستان اور جاپان کے دوستانہ تعلقات کے استحکام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ سنائے تاکائچی کا انتخاب جاپان کی سیاسی تاریخ میں سنگ میل ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ جاپان میں جمہوری روایات اور صنفی مساوات کے فروغ کا مظہر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ جاپان نے پہلی خاتون وزیراعظم منتخب کر کے تاریخ رقم کی ہے، پاکستان نے تقریباً چار دہائیاں قبل شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب کیا تھا۔ صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم سنائے تاکائچی کی قیادت میں جاپان کی مزید ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ، صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔