اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بحیرہ عرب میں سعودی قیادت میں سرکردہ کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کی کمبائنڈ ٹاسک فورس کے تحت پی این ایس یرموک کی بڑی کارروائی کے دوران اربوں روپے مالیت کی منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے پر پاک بحریہ کے افسران و اہلکاروں کی تعریف کی ہے۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کے افسران و اہلکار پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے پوری دنیا میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں،پاک بحریہ کے افسران و جوان ملکی سمندری حدود کی حفاظت کیلئے شب و روز مصروف عمل ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو پاک بحریہ کے افسران و جوانوں پر فخر ہے۔