پولینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ رادوسلو سکورسکی (آج) جمعرات سے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے، دفتر خارجہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر جمہوریہ پولینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ رادوسلو سکورسکی (آج) جمعرات سے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ رادوسلو سکورسکی کا پاکستان کا دوسرا سرکاری دورہ ہوگا۔ ان کا پچھلا دورہ 2011ء میں ہوا تھا۔ دورے کے دوران نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار پولینڈ کے ہم منصب سے ون آن ون ملاقات کے ساتھ ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔

توقع ہے کہ دونوں فریق دو طرفہ تعلقات کے مکمل سپیکٹرم پر بات چیت کریں گے۔ مذاکرات کے بعد دونوں ملکوں کے نائب وزراء اعظم مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سکورسکی کا دورہ پاکستان اور پولینڈ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ پاکستان دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے پولینڈ کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔